لاہور،10جون؍(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ٹریفک وارڈن کی وردی میں ملبوس دو جعلی پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔یہ کارروائی شہر کے علاقے شیرا کوٹ میں کی گئی۔چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈی آئی جی رائے اعجاز نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ معمول کے گشت پر تھے کہ انہیں ٹریفک وارڈن کی حرکات پر شک ہوا جس پر ان کا بیلٹ نمبر اور دفتری ریکارڈ چیک کرایا گیا۔سی ٹی او کے مطابق ملزم اعظم اور اس کا ساتھی فراست ٹریفک پولیس کی وردی پہن کر کارسوار افراد کو روک کر رشوت طلب کرتے تھے اور ان کے خلاف اہل علاقہ نے بھی شکایات کی تھیں۔جس پرمتعلقہ تھانہ شیرا کوٹ کے پولیس اہلکاروں نے جعلی ٹریفک وارڈن اور اس کے ساتھی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش میں ملزمان اعظم اور فراست نے اعتراف جرم کر لیا۔ پولیس کے مطابق اعظم سرگودھا جبکہ فراست بابو صابو کا رہائشی ہے۔یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے کہ جس میں پولیس کے روپ میں واردات یا جعل سازی کرتے ہوئے کوئی پکڑا گیا ہو۔ اس قبل بھی ایسے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جس میں پولیس یا کسی سکیورٹی ادارے کے جعلی شناختی کارڈ پر شہریوں سے دھونس اور جعل سازی کی جاتی رہی ہے اور ان میں سے اکثر قانون کی گرفت میں بھی آ چکے ہیں۔